بھارت کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے:اشرف صحرائی

منگل 21 جون 2016 13:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور مخلوط کٹھ پتلی حکومت فوجی کالونیوں اور پنڈت کالونیوں کی آڑ میں غیر ریاستی باشندوں کوجموں و کشمیرمیں بسانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے تاکہ یہاں کی مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے شوپیان میں نزول قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کی خوبصورتی پر فریفتہ ہے اور وہ یہاں کی زمین حاصل کرنے کے لیے 1947ء سے شاطرانہ کھیل کھیل رہا ہے اور ہر وہ حربے آزما رہا ہے جس سے جموں وکشمیر پر بھارت کا جبری قبضہ برقرار رہے۔ فوجی کالونیاں اور پنڈت کالونیاں انہی منصوبوں کا حصہ ہے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس، بی جے پی، کانگریس اور دیگر بھارت نواز جماعتیں ہمیشہ سے کشمیر دشمن پالیسیوں میں بھارت کی دست راست رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو قرآنی اصولوں پر اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے کیونکہ ہماری جدوجہد مبنی بر حق ہے اور ہمارے سرفروش اس جدوجہد میں قربانیاں دے رہے ہیں۔