بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے میں عملی طورپر آزادی پسندوں کی نقل و حرکت پرپابندی عائد کررکھی ہے‘سید علی گیلانی

منگل 21 جون 2016 13:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک کی سرینگر سینٹرل جیل میں غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے میں عملی طورپر آزادی پسندوں کی نقل و حرکت پرپابندی عائد کررکھی اور انہیں ایک دوسرے سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

انہوں نے اس پابندی کو بدترین ظلم قراردیا جس کی ہر سطح پر شدید مذمت کی جانی چاہیے ۔ حریت چیئرمین نے آزادی پسند رہنماؤں کے ساتھ کٹھ پتلی انتظامیہ کے اس رویہ کا کوئی اخلاقی یا آئینی جواز نہیں اور اسکے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان کارروائیوں سے جموں وکشمیر میں سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینیت بڑھے گی اور صورتحال کسی بھی وقت بے قابوہوسکتی ہے ۔

سید علی گیلانی نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے آزادی پسند رہنماؤں کو خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا اور وہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے آر ایس ایس کی عوام دشمن پالیسیوں کی ہرممکن مذاحمت کریں گے ۔ ادھر حریت چیئرمین نے ضلع کولگام کے علاقے کیموہ میں قائم بھارتی فوج کے اسپیشل آپریشنز گروپ ( ایس او جی)کے اہلکاروں کی طر ف سے رام پور، کیموہ اور دیگر دیہات میں لوگوں پر ظلم و تشدد اور مکانوں کی توڑ پھوڑ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج اور ٹاسک فورس کے اہلکار مجاہدین کی کارروائیوں پرعام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیموہ میں واقعہ ایس او جی کیمپ پر فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آنے کے بعد ٹاسک فورس اہلکاروں نے رام پور اور کیموہ میں عبداالسلام شیخ اور غلام محی الدین زرگر کے گھروں پر چھاپے مارے اور توڑ پھوڑ اوراہلخانہ کو تشددکانشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ایس او جی کے اہلکار سرکاری دہشت گردی کا ایک بھیانک چہرہ ہیں اور اس فورس کے اہلکاروں کو نہتے کشمیریوں کے قتل پر ترقیوں اور تمغوں سے نوازا جاتا ہے۔

دریں اثناء سید علی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت جموں وکشمیر کاایک وفد براٹھ کلدن سوپور اور ووسن پٹن گیا اور گزشتہ ہفتے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔وفد میں شاہ والی محمد، عبدالغنی بٹ، مدّثر ندوی، بلال احمد اور حاکم الرحمان شامل تھے ۔