دوسرا ٹی ٹوئنٹی ، بھارت نے زمبابوے کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی

منگل 21 جون 2016 12:52

دوسرا ٹی ٹوئنٹی ، بھارت نے زمبابوے کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ..

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے زمبابوے کو دس وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔بھارت نے 100 رنز کا مطلوبہ ہدف 13.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔بھارت کی جانب سے لوکیش راہول اور مندیپ سنگھ نے اننگز کا آغاز کیا۔مہمان ٹیم کی جانب سے مندیپ سنگھ نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 ‘ لوکیش راہول نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے پیٹر مور نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے۔زمبابوے کے پانچ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔بھارت کی جانب سے بریندر سران نے چار اور جسپریت بمرا نے تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ‘تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے ‘پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے نے انڈیا کو دو رنز سے شکست دی تھی۔تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 22 جون کو ہوگا۔