ایک بار پھر گدھوں کی’ شامت‘ آگئی

Mohammad Ali IPA محمد علی پیر 20 جون 2016 18:25

سمبڑیا ل (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 20جون۔2016ء )سمبڑیال و گردونواح میں ایک بار پھر گدھوں کی شامت آگئی، ایک ہی رات میں مختلف مقامات سے 8گدھے چوری کرنے کے بعد کھالیں کھینچ لی گئیں، اطلاع پر گوشت خوروں میں تشویش جبکہ قصابوں کی دکانوں پر رش اچانک کم پڑ گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سمبڑیال میں جہاں پر سات آٹھ ماہ قبل مختلف وارداتوں کے دوران سمبڑیال تحصیل کے مختلف علاقوں میں ڈیروں ،حویلیوں سے تقریباً مجموعی طور پر 150کے قریب گدھے چرا کر ان کی کھالیں اتارنے کے بعد گوشت پراسرار طور پر غائب ہوتا رہا ہے ،گدھے چوری کا سلسلہ رکنے کے بعد پھر سے سمبڑیال میں گدھوں کی شامت آگئی ہے اور گذشتہ ایک ہی رات میں نامعلوم عناصر نے موضع ظفر والی میں شہریوں فقیر سائیں، افضل چیمہ، پرویز چیمہ، وارث چیمہ ،عنایت رفیع چیمہ وغیرہ کے ڈیروں سے 8گدھے چرا کر کھالیں اور گوشت ساتھ لے گئے جبکہ گدھوں کی باقیات چھوڑ گئے ہیں جبکہ گدھوں کے چوری اور بعد ازاں گوشت اور کھالیں غائب ہونے کے بعد شہریوں بالخصوص گوشت خوروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور سمبڑیال میں گوشت کی دکانوں پر گوشت کی فروخت میں اچانک کمی واقع ہوگئی ہے ۔