ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی کا میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی وسیم مصطفی سومرو کے ہمراہ بلدیہ شرقی میں برساتی نالوں کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ

نالوں کی صفائی کا کام بلدیاتی اداروں و نومنتخب نمائندوں کے مکمل کو آرڈینیشن سے یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنرآصف جان صدیقی

اتوار 19 جون 2016 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی نے میونسپل کمشنربلدیہ شرقی وسیم مصطفی سومرو کے ہمراہ بلدیہ شرقی میں موجود برساتی نالوں کی صفائی و ستھرائی و دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی معائنہ کیا، اس موقع پر قائم مقام سپرنٹینڈنگ انجینئر مبین شیخ ، ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس ،اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض و دیگر افسران کے علاوہ نو منتخب نمائندے ، علاقہ چیئرمین وعلاقہ مکین موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے بھٹایا آباد نالہ اور لیاری ایکسپریس وے کا تفصیلی معائنہ کرکے صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ،ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے اس موقع پر کہا کہ اس مون سو ن میں شدید بارشوں کی پیشن گوئی ہے لہذا لیاری ایکسپریس وے کے کرونک پوائنٹس اور چیمبرز جو کہ بلاک ہیں انہیں ہنگا می بنیادوں پر کلیئر کروایا جائے تاکہ پا نی کے بہاؤ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہواور جو پانی چیمبرز سے ہوتا ہوالیاری ایکسپریس وے میں گرتا ہے وہ کہیں اور جمع نہ ہو اس مقصد کیلئے مشینری اور ہینڈ لیبر کو بروئے کار لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش صرف اور صرف یہ ہے کہ آئندہ برسات میں عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں اس مقصد کیلئے بلدیاتی ادارے اور ہرمتعلقہ ادارہ آپس میں کوآرڈینیشن کے ساتھ امور سرانجام دے ، انہوں نے میونسپل کمشنر وسیم مصظفی سومرو کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی کیلئے نو منتخب نمائندوں کے ساتھ مکمل کو آرڈینیشن کر لیا جائے اور مشینری اور ہینڈ لیبر مہیا کرکے جلد از جلد نالوں کی صفائی کا کام یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرونے یقین دہانی کرائی کہ مکمل کوآرڈینیشن کرکے نالوں کی صفائی کے کام کو جلد از جلد یقینی بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :