محمد علی جناح یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے شروع ہوگئے

اگلے سیمسٹر میں چار نئے ڈگری پروگرام بھی متعارف کرائے جائیں گے

اتوار 19 جون 2016 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی نے اس سال اگست کے مہینہ سے شروع ہونے والے نئے سیمسٹر سے الیکٹریکل انجینئرنگ، مینجمنٹ اور کمپیو ٹر سائینسز کے پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے شروع کردئیے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کی جانب اگلے سیمیسٹر سے بی ایس ٹیلی کام،بی ایس اکاونٹنگ اینڈ فنانس،ایم ایس پراجیکٹ مینجمنٹ اور ایم ایس اکنامکس اینڈ فنانس کے چار نئے ڈگری پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں۔

ایم اے جناح یونیورسٹی نے اگلے سیمسٹر فال۔۲۰۱۶ میں داخلوں کے شیڈول کا اعلان بھی کردیاہے جس کے تحت یونیورسٹی میں داخلہ فارم ۲۳ جولائی تک وصول کئے جائیں گے جس کے اگلے دن داخلہ ٹیسٹ لیا جائے گا جبکہ ۲۹ اگست سے کلاسیں شروع ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی میں صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ کی ولولہ انگیز قیادت میں اس یونیورسٹی کو اس ریجن کی ایک بہترین درسگاہ بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں بامقصد تعلیم کی فراہمی کے لئے پڑھانے کے لئے جدید طریق کار،تحقیقی کام کو اہمیت دینے اور پروفیشنل ٹریننگ کے معاملات پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں رواں سال کے دوران یونیورسٹی کی ایک جامع تنظیم نو کا کام بھی کیا گیا ہے جس کے تحت تمام ذیلی ادارے جن میں اکیڈمک کونسل، بورڈ آف اسٹیڈیز،بورڈ آف ایڈ وانس اسٹیڈیز اینڈ ریسرچ اور بورڈ آف فیکلٹیز کی تشکیل نو کی گئی ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ایم اے جناح یونیورسٹی کی تنظیم نو کے بعد اب یہ چارشعبوں فنانس اینڈ اکنامکس،کمپیو ٹر سائینس،الیکٹریکل انجئنیرنگ اور مینجمنٹ سائینسز پر مشتمل ہے جس میں طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی اور ان کی غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تمام شعبوں کی طلبہ سو سائیٹیاں بحال کردی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی طلبہ کو بغیر کسی مشکل اور آزادانہ ماحول میں تعلیم جاری رکھنے میں مدد دینے کے لئے فائنل امتحان کے بعد لیے جانے والے کمپریہینسیو امتحانات اور سیندیکیٹ سسٹم کا سلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔