چودھری نثار کا ملزمان کی وڈیو لیکس پر نوٹس چور مچائے شور کے مترادف ہے ‘ پیر معصوم نقوی

سپریم کورٹ وڈیولیکس پروزیر داخلہ کو طلب کرے، سربراہ جے یو پی نیازی کا افطار پارٹی سے خطاب

اتوار 19 جون 2016 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا ملزمان کی وڈیو لیکس پر نوٹس چور مچائے شور کے مترادف ہے، تمام وڈیوز کراچی آپریشن کا حصہ ہیں، جو خود وزارت داخلہ کروارہی ہے، عام ریڑھی بان کو بھی پتہ ہے کہ ملزمان جن اداروں کی تحویل میں تھے اور جنہوں نے ان سے بیانات ریکارڈ کروائے انہوں نے ہی وڈیوز میڈیا کوجاری کی ہیں تاکہ سیاسی جماعتوں کے خلاف ہیڈ لائنز بنیں، اب اس میں اچنبے کی تو کوئی بات ہی نہیں، جس کا چودھری نثار علی خان نوٹس لے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی واہگہ ٹاؤن کے زیر اہتمام افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیر سید مصطفٰی اشرف رضوی، پیر جان ،پیر اختر رسول قادری، ڈاکٹر امجد چشتی، پیر اسرار حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔پیر معصوم نقوی نے کہا کہ میڈیاکو وہ وڈیوزجاری کی گئیں جن کا مقصد سیاسی جماعتوں کو بدنام کرنا تھا۔ اور خود چودھری نثار علی خان بھی اس سے آگاہ تھے کیونکہ وہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو دھمکیاں دیتے رہے کہ وہ ڈاکٹر عاصم کی وڈیو سامنے لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو وڈیولیکس کا از خود نوٹس لینا چاہئے اور سب سے پہلے وزیر داخلہ کو طلب کرکے تفتیش کی جائے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :