آف شور کمپنیاں کرپٹ سسٹم کا ایک حصہ ہیں ۔کرپٹ سسٹم کی وجہ سے عوام کو دوائی کے نام پر زہر مل رہاہے،مشتاق احمدخان

پاکستان میں چند خاندانوں نے سیاست ، جمہوریت اور تمام اداروں کو یرغمال بنا کر ایسٹ انڈیا کمپنی کی شکل اختیار کر لی ہے،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

اتوار 19 جون 2016 16:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں چند خاندانوں نے سیاست ، جمہوریت اور تمام اداروں کو یرغمال بنا کر ایسٹ انڈیا کمپنی کی شکل اختیار کر لی ہے ۔ آف شور کمپنیاں کرپٹ سسٹم کا ایک حصہ ہیں ۔کرپٹ سسٹم کی وجہ سے عوام کو دوائی کے نام پر زہر مل رہاہے اور ڈگری ہولڈر نوجوان روزگار کے لیے سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں ۔

پاکستان سے کرپشن کو ختم کر کے مدینہ کی طرز پر اسلامی و فلاحی ریاست بناناچاہتے ہیں، جہاں ہر طرح کے ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور قرآن و سنت کے مطابق قوانین رائج ہوں ۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم کو زبردست عوامی مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور مہم فیصلہ کن مرحلہ عید کے بعد شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

ہمہ گیر اور کڑے احتساب سے ہی پاکستان ترقی کرسکتا ہے۔

کرپشن کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کو ساتھ ملا رہے ہیں۔ نوجوان ساتھ ہوں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔وہ مر کز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پرسیکرٹر ی جنر ل عبدالواسع ، ڈپٹی سیکرٹری جنر ل مولانا ہدایت اﷲ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال بھی موجو د تھے۔مشتا ق احمد خان نے بات چیت کر تے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور عوام دشمن بجٹ کی وجہ سے ملک میں موت سستی اور زندگی مہنگی ہوگئی ہے ۔

وفاقی وزیر خزانہ کا مہنگائی کے مارے عوام کو دال کی جگہ مرغی کھانے کامشور ہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہی کرپٹ سیاست دانوں کی وجہ سے 60 فی صد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کسی ایک صوبے یا چند لاکھ لوگوں کا نہیں بلکہ ملک کے بیس کروڑ عوام کا ہے ۔ کرپشن نے ملک کی معاشی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان اور کرپشن فری پاکستان تحریک میں ہے ۔عوام پاکستان کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے پشت بان بنیں۔