پانامہ لیکس کے معاملے پر نیب ،ایف آئی اے اور ایف بی آر نے نا اہلی اور کوتاہی دکھائی ‘ ڈاکٹر صفدر عباسی

پانامہ لیکس کے معاملے پر خود پیپلز پارٹی میں کچھ لوگ ہاتھ ہلکا اور کچھ تیزی دکھانا چاہتے ہیں ‘ صدر پیپلز پارٹی ورکرز

اتوار 19 جون 2016 16:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر نیب ،ایف آئی اے اور ایف بی آر نے نا اہلی اور کوتاہی دکھائی ہے ،موجودہ حالات میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا کلیدی کردار ہے لیکن پیپلز پارٹی میں ’’کچھ لو اور کچھ دو ‘‘ کی پالیسی کے باعث واضح تقسیم ہے ، پیپلزپارٹی ورکرز عید الفطر کے بعد اپناآئندہ کالائحہ عمل مرتب کرے گی ۔

’’ این این آئی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ ہمارا پہلے روز سے موقف ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف مستعفی ہوں کیونکہ انکے ہوتے ہوئے کھینچا تانی جاری رہے گی جو ملک کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔ ویسے بھی اب وزیر اعظم نواز شریف کی صحت ایسی نہیں رہی کہ وہ مسائل میں گھرے پاکستان کے معاملات کو دیکھ سکیں اس لئے (ن) لیگ کی پارلیمانی کمیٹی اس عہدے کیلئے نئے نام کا چناؤ کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر ٹی او آرز کوئی معنی نہیں رکھتے ۔اپوزیشن وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کے مطالبے سے دستبردار ہو کر اپنی پوزیشن کھو چکی ہے ۔ کسی صورت نظر نہیں آرہا کہ ٹی او آرز پر کوئی اتفاق رائے ہو گا کیونکہ خود پیپلز پارٹی میں کچھ لوگ ہاتھ ہلکا اور کچھ تیزی دکھانا چاہتے ہیں ۔ مفاہمت کے نام پر منافقت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر نیب ، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو از خود تحقیقات کرنی چاہئیں تھیں لیکن نا اہلی اور کوتاہی برتی گئی ۔ انہوں نے عید الفطر کے بعد پانامہ لیکس کے معاملے پر تحریک میں شامل ہونے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ابھی بغور جائزہ لے رہے ہیں عید الفطر کے بعد اس بارے میں اپنا لائحہ عمل بنائیں گے اور بھرپور طریقے سے اس پر عملدرآمد کریں گے۔