نیب کا بھی لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ اور نثار مورائی سے تفتیش کر نے کا فیصلہ

اتوار 19 جون 2016 15:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جون ۔2016ء) رینجرز اور پولیس کے بعد قومی احتساب بیورو نے بھی لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ اور نثار مورائی سے تفتیش کے لئے آستینیں چڑھالیں۔ ملزموں سے اسلحہ اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت تفتیش کی جائیگی۔دہشت گردی کے سنگین الزامات کے تحت گرفتار عزیر بلوچ، ڈاکٹر نثارمورائی سے نیب حکام نے بھی تفتیش کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

نیب ترجمان کے مطابق اجازت ملنے کے بعد دونوں ملزموں سے منی لانڈرنگ اور اسلحہ اسمگلنگ کیس میں تفتیش کی جائیگی۔دوسری جانب نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے لئے دونوں ملزموں کو تحویل میں لیکر نیب کے حراستی مرکز میں رکھا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے تفتیش کی اجازت دیدی ہے جبکہ وزارت داخلہ کی ہاں کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نثار مورائی پر اسلحہ اسمگلنگ کے علاوہ 9ارب روپے جبکہ عزیر بلوچ پر 6ارب کی رقم غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کرنے کا الزام ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ اور نثارمورائی سے تفتیش کے بعد ان کے خلاف باقاعدہ ریفرنس درج کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :