پیپلز پارٹی غیرآئینی اقدام کا سوچ بھی نہیں سکتی، کسی ایسی مہم کا حصہ بھی نہیں بنیں گے جس سے جمہوریت یا نظام کو خطرہ ہو،پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر اعجاز حسین جکھرانی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 18 جون 2016 22:22

اسلام آباد ۔ 18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جون ۔2016ء) قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے چیف وہپ ایم این اے میر اعجاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غیرآئینی اقدام کا سوچ بھی نہیں سکتی اور نہ ہی ایسی کسی مہم کا حصہ بنے گی، فوری طور پر کل وقتی وزیر خارجہ کا تقرر کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ احتساب صرف سندھ میں ہو رہا ہے، وفاق کو اس معاملہ پر حکومت سندھ نے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ میں ڈاکٹر عاصم کا دفاع نہیں کر رہا مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ باقی صوبوں میں پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں نظر نہیں آ رہی ہیں جس طرح سندھ میں ہو رہی ہیں۔ اعجاز جکھرانی نے کہا کہ پانامہ لیکس ایشو پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے تاہم پیپلز پارٹی کسی بھی سطح پر غیرآئینی اقدام کا سوچ بھی نہیں سکتی اور نہ ہی ہم ایسی کسی مہم کا حصہ بنیں گے جس سے جمہوریت یا نظام کو خطرہ ہو، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں، پچھلے دھرنوں کے دوران بھی ہم نے جمہوریت کا ساتھ دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اعجاز جکھرانی نے کہا کہ مکمل وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث دنیا میں منفی تاثر پایا جاتا ہے اس لئے فوری طور پر کل وقتی وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو زرعی شعبے پر توجہ دینی چاہئے۔