پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل پاکستان کی معیشت کے لئے نئی زندگی کی حیثیت رکھتا ہے ‘برجیس طاہر

تمام تر سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ہر صورت میں مکمل کیا جائیگا ، نواز شریف پاکستان کو دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اب معاشی طور پر بھی ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پر عزم ہیں ‘وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان

ہفتہ 18 جون 2016 22:19

ننکانہ صاحب اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرنے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل پاکستان کی معیشت کیلئے نئی زندگی کی حیثیت رکھتا ہے کہ جس کے تحت ملک میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو گی ۔ انہوں نے یہ بات ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ میں ایک افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک ایسا منصوبہ ہے کہ جس کی تکمیل سے پاکستان کا اس خطے کی مضبوط ترین معاشی طاقت بننے کے امکانات انتہائی روشن ہوجائیں گے جس سے پاکستان اس تمام خطے کی مضبوط ترین طاقت بن کر ابھرے گا ۔ا نہوں نے کہا کہ یہ ہی وہ حقیقت ہے جس نے پاکستان کے دشمنوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دیں ہیں اور اندرون و بیرون ملک سازشی عناصر اور بیرونی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے مذموم منصوبوں پر عمل کررہیں ہیں تاکہ اربوں ڈالر کا یہ منصوبہ جو کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ایک لائف لائن کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، کی تکمیل سے پاکستان کو روکا جائے اور پاکستان کو کمزور کیا جائے ۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننے کے بعد دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر ہونے کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان معاشی طور پر بھی ناقابل تسخیر ہوجائے گا اور اس طرح وہ ممالک جو اس خطے میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی مذموم منصونہ بندی اور کوشش کررہے ہیں اُن کو اس ضمن میں منہ کی کھانی پڑے گی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف پاکستان کو دفاعی لحاظ کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنانے کے لئے پرُعزم ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے برسراقتدار آتے ہی پاک چین اقتصادی راہداری ، موٹر ویز کے منصوبوں اور توانائی کے منصوبوں کی صورت میں معاشی ترقی کا ایک ایسا وژن دیا ہے کہ جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور جس پر عمل کر کے پاکستان کا عظیم ترین طاقت بننا یقینی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر چند سیاسی عناصر محمد نواز شریف کو اپنے وژن پر عمل درآمد سے روکنے کے لئے نت نئی سازشیں کر رہے ہیں کیونکہ اُن کو علم ہے کہ اس وژن کی تکمیل سے 2018ء میں بھی مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور دیر پا ترقی کے لیے ہمیں سیاسی بالغ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے آپس میں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور پاکستان کو خطے کا مضبوط ترین ملک بنانے کے لئے مل کر بیرونی سازشوں کو شکست دینی ہوگی ۔