اورنج ٹرین عوام پر بوجھ، روزانہ 3کروڑ 27لاکھ کی سبسڈی دینا پڑیگی، میاں محمود الر شید

ماہانہ 96کروڑ25لاکھ اور سالانہ 11ارب79کروڑ روپے سبسڈی یا خسارہ برداشت کرنا پڑے گا ، چینی بنک سے لئے قرض پر سود کی ادائیگی الگ ہے: قائد حزب اختلاف پنجاب عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم کرنے کا منصوبہ ہے ، آنے والی نسلیں حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی اور ان کا نام سیاہ حروف میں لکھا جائے گا ، پبلک سیکرٹریٹ میں بات چیت

ہفتہ 18 جون 2016 21:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ اورنج لائن ایک ایسا منصوبہ ہے جس سے پورے پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈالا گیا ہے یہ عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم کرنے کا منصوبہ ہے۔ آنے والی نسلیں حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی اور ان کا نام سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پرروزانہ 3کروڑ 27لاکھ ، ماہانہ 96کروڑ25لاکھ اور سالانہ 11ارب79کروڑ روپے سبسڈی یا خسارہ برداشت کرنا پڑے گا جبکہ اس پر لئے گئے قرض پر سود کی ادائیگی الگ ہے۔ پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ حکمرانہں کی ترجیح تعلیم، صحت اور صاف پانی نہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بنیادی انسانی ضرورتوں کیلئے مختص بجٹ کے32تا49فیصد استعمال کیا گیا جبکہ اورنج ٹرین پر نا صرف95فیصد فنڈز لگائے گئے بلکہ دیگر مفاد عامہ کے منصوبوں کیلئے مختص کروڑوں روپے کے فنڈر بھی اورنج ٹرین پر لگا دیئے گئے۔

(جاری ہے)

میاں محمود الر شید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئی تو میٹرو اورنج ٹرین کا نئے سرے سے آڈٹ کرائیں گے اور ملکی وسائل لوٹنے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، انہیں حالات کا اندازہ نہیں ،تحریک انصاف نے عید کے بعد احتجاج کیلئے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :