سستے رمضان بازار وں سے عام آدمی کو اشیاء خورد و نوش سستی اور معیاری دستیاب ہیں، حکومت پنجاب عوام الناس کے ریلیف کیلئے رمضان بازاروں کے ذریعے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے

صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی محترمہ ذکیہ شاہ نوازکی سرگودہا میں رمضان بازار کے دورے پر گفتگو

ہفتہ 18 جون 2016 21:29

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جون ۔2016ء ) صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی محترمہ ذکیہ شاہ نوازنے کہا ہے کہ سستے رمضان بازار وں سے عام آدمی کو اشیاء خورد و نوش عام مارکیٹ کی نسبت سستی اور معیاری دستیاب ہیں۔ حکومت پنجاب عوام الناس کے ریلیف کیلئے رمضان بازاروں کے ذریعے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عام مارکیٹ میں نرخوں اور معیار کو کنٹرول کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

وہ ہفتہ کو شاہین چوک سستے رمضان بازار کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈی سی او ثاقب منان ،اے سی عبداﷲ خرم نیازی،چوہدری عبدالرشیدکے علاوہ ریوینو ‘ایگریکلچراور دیگر متعلقہ محکوں کے افسران ان کے ہمراہ تھے۔محترمہ ذکیہ شاہ نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ کی ترقی اور عام آدمی کی خو شحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ میں عوام دوست حکومت قائم ہے ۔

جس کے نتیجے میں عوام کو بھر پور ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے تاجروں کے جذبہ کی تعریف کی جس کے تحت انہوں نے اس مقدس مہینے میں اپنے منافع میں رضاکارانہ طو رپر کمی کر کے سچے مسلمان ہونے کا ثبوت دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان برکت اور رحمتوں کا مہینہ ہے ۔اس موقع پر انہوں نے سٹالز پر اشیاء کا جائزہ لیا ۔صارفین نے سستے رمضان بازار میں اشیائے صرف کے معیار او رمقدار پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔

آخر میں صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر تے ہوئے سستے رمضان بازار میں اعلیٰ انتظامات پر ضلعی انتظامیہ ‘ٹی ایم اے او رپولیس کے علاوہ دیگر اداروں کے تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔صارفین نے سستے رمضان بازاروں کو وزیر اعلیٰ پنجا ب کی طرف سے عام آدمی کی سہولت کی طرف اہم قدم قرار دیتے ہوئے حکومت کاشکریہ اداکیا۔