عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بڑے پروگرام پر کا م کا آغاز کر دیا ، پروگرام سے غیر معیاری پانی کی وجہ سے جنم لینے والی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی، بجٹ میں پروگرام کیلئے 30 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ،منصوبے پر موثر انداز سے عملدرآمد کیلئے صاف پانی کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اعلی سطحی اجلاسسے خطاب

ہفتہ 18 جون 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہفتہ کو اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے مختلف امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا- وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے ایک بڑے پروگرام پر کا م کا آغاز کر دیا ہے اور پنجاب حکومت اس پروگرام کے تحت عوام کو پینے کے صاف پانی کا حق دے گی-انہوں نے کہا کہ صاف پانی کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے جڑا ہے اور پینے کا صاف پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے - اس پروگرام کے باعث غیر معیاری پانی کی وجہ سے جنم لینے والی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی - انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے حوالے سے یہ پروگرام بہت اہمیت کا حامل ہے اور پنجاب حکومت دیہاتوں میں بسنے والے کروڑوں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے گی-آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب صاف پانی پروگرام کیلئے 30 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے - انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے ذریعے جنوبی پنجاب کی پانچ تحصیلوں میں 80 سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس لگا دیئے گئے ہیں-لودھراں ، خانپور، حاصل پور ، دنیا پور اور منچن آباد میں ان واٹر فلٹریشن پلانٹس سے روزانہ لاکھوں لوگ پینے کا صاف پانی حاصل کر رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 6 اضلاع کے علاوہ ان علاقوں میں صاف پانی پروگرام کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا جہاں زیر زمین پانی موزوں نہیں ہے- وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے دنیا کی بہترین کمپنیوں کا شفاف انداز سے قواعد و ضوابط مد نظر رکھ کر انتخاب کیا جائے- صاف پانی پروگرام کے حوالے سے ہونے والے سروے اور ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے- انہوں نے کہا کہ منصوبے پر موثر انداز سے عملدرآمد کے لئے صاف پانی کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں - چیف ایگزیکٹو آفیسر نے صاف پانی کمپنی کی منصوبے کے مختلف امور کے حوالے سے بریفنگ دی-صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ایم پی اے کاشف پڈھیار، چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے اطلاعات و کلچر محمد مالک، ایم پی اے انجینئر قمر الاسلام، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ ویڈیولنک کے ذریعے کمشنر آفس ملتان سے اجلاس میں شریک ہوئے-