پیپلز پارٹی کے حقیقی کارکن اب نام نہاد قیادت کے کسی بہکاوے میں نہیں آئینگے،جلد سر پرائز دیں گے‘ سردار حُر بخاری

مشاورت کا عمل جاری ہے ،جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،موجودہ حالات میں قوم آنکھیں کھلی رکھے‘ وفد سے گفتگو

ہفتہ 18 جون 2016 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے مرکزی رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اس لئے پوری قوم کو آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی ، پوری قوم پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے اور اگر حکمران خاندان کے ہاتھ صاف ہیں تو اسے کسی بھی عمل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ۔

اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں نعمان چوہدری ، چوہدری اسلم ، شہزادہ عالمگیر،سلیم خان،سہیل ہنجرا ، وسیم عباس اور آصف سمرا سے گفتگو کرتے ہوئے سردا ر حُر بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد آئندہ کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے حقیقی کارکن اب نام نہاد قیادت کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہید خان کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کو حقیقی معنوں میں بھٹو شہید اور بی بی شہید کی جماعت بنانے کیلئے دن رات کام جاری ہے اور نام نہاد قیادت کو بہت جلد سر پرائز دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن نے اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے ، آج ہر پاکستانی احتساب کا مطالبہ کر رہا ہے ، اگر حکمران خاندان کے ہاتھ صاف ہیں تو اسے پانامہ لیکس کی تحقیقات میں رکاوٹ بننے کی بجائے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کرنا چاہیے ،اسکے علاوہ بھی جن پر کرپشن کے الزامات ہیں انہیں بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ سیاستدانوں کے اصل چہرے بے نقاب ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :