دفتر خارجہ کی بدحواسی، معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی موت کی افواء پر بغیر تصدیق تعزیتی بیان جاری کر دیا، خبر جھوٹی ثابت ہونے پر بیان واپس لے لیا،معذرت کا اظہار

دفتر خارجہ کی لاپرواہی پر افسوس ہے ، عبدالستار ایدھی کی صحت مستحکم ہے، دفتر خارجہ کو تصدیق کرنی چاہیے تھی، بعض عناصر ایدھی فاؤنڈیشن کی رمضان میں زکوٰۃ اور خیرات کی مہم کو متاثر کرنے کیلئے غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں، ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن انور کاظمی کا دفتر خارجہ کی لاپرواہی پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 18 جون 2016 17:52

دفتر خارجہ کی بدحواسی، معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی موت کی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء) دفتر خارجہ کی بدحواسی، معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی موت کی افواء پر بغیر تصدیق ہی تعزیتی بیان جاری کر دیا، بعد ازاں خبر جھوٹی ثابت ہونے پر بیان واپس لے کر معذرت کا اظہار کیا، ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن انور کاظمی نے دفتر خارجہ کی لاپرواہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے عبدالستار ایدھی کی صحت مستحکم ہے، دفتر خارجہ کو تصدیق کرنی چاہیے تھی، بعض عناصر ایدھی فاؤنڈیشن کی رمضان میں زکوٰۃ اور خیرات کی مہم کو متاثر کرنے کیلئے غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی موت کی افواہوں پر تصدیق کے بغیر ہی تعزیتی بیان جاری کر دیا، بیان میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عبدالستار ایدھی کی وفات پر شدید دکھ ہے اور ان کی وفات سے پاسکتان ایک سفیر سے محروم ہو گیا ہے، جس نے اندرون اور بیرون ملک انسانیت کی خدمت کر کے ملک کا اچھا امیج پیش کیا، بیان میں انہوں نے ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عبدالستار ایدھی کی وفات کی خبر جھوٹی ثابت ہونے پر دفتر خارجہ نے ایک اور اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ غلط فہمی کی وجہ سے جاری کیا گیا اعلامیہ واپس لیتے ہیں اور معذرت کا اظہار کرتے ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان انور کاظمی نے دفتر خارجہ کی جانب سے لاپرواہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفتر خارجہ کو تعزیتی بیان جاری کرنے سے قبل تصدیق کرنی چاہیے تھی، بعض عناصر ایدھی فاؤنڈیشن کی رمضان المبارک میں زکوٰۃ اور عطیات کی مہم کو متاثر کرنے کیلئے اس طرح کی غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور ان کا ہسپتال میں ڈائیلائسس کیا جا رہا ہے