وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے لوکل گورنمنٹ کے6 نئے ر ولز کی منظوری دے دی

ہفتہ 18 جون 2016 16:16

گلگت۔ 18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جون ۔2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے لوکل گورنمنٹ کے6 نئے ر ولز کی منظوری دے دی، جن میں لوکل گورنمنٹ کمیشن رولز آف بزنس2016 ،لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن رولز آف بزنس2016 ،لوکل گورنمنٹ بورڈ کمیشن رولز آف بزنس2016، ضلع کونسل رولز آف بزنس2016، تحصیل کونسل رولز آف بزنس 2016 ، یونین کونسل رولز آف بزنس 2016شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری بلدیات آصف اللہ خان و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت اور سکردو کو ماڈل شہر بنائیں گے ،جدید مشینری خریدی جارہی ہے جبکہ گلگت شہر کا کچرہ اٹھانے کیلئے20عدد سوزوکی اور20 عدد رکشے فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نمائشی اور وقتی ترقی و بناوٹ کی بجائے دیر پا و مستقل تعمیر وترقی پر یقین رکھتی ہے اور اسی ویژن کے تحت بلدیاتی نظام کو بہتر و موثر بنایاگیا ہے۔

(جاری ہے)

گلگت اور سکردو میں ایڈ منسٹریٹرز تعینات کئے جائیں گے کیونکہ نئے رولز کے تحت ان دونوں شہروں کے بلدیاتی آفیسران کو گریڈ18 میں ترقی دی گئی ہے اس لئے دونوں شہروں میں ایڈ منسٹریٹرز کی تعیناتی نا گریز ہے۔صوبائی حکومت محکمہ لوکل گورنمنٹ کوتمام وسائل فراہم کریگی لیکن شہر کی صفائی اور کارکردگی میں سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اپنا کام کررہی ہے اور نئے نظام کے تحت صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کرائے گی۔