کراچی ‘سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گردوں سمیت 15 ملزمان گرفتار

ہفتہ 18 جون 2016 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء) کراچی میں رینجرز، پولیس اور حساس اداروں نے مختلف کارروائیوں میں تین دہشت گردوں سمیت 15ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کاروائی کر کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے ہے۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کئے گئے ہیں۔ گرفتار دہشت گرد شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس نے جیکسن کے علاقے میں کاروائی کر کے تین اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

(جاری ہے)

ماڈل کالونی میں پولیس نے کاروائی کر کے اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ 8 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔

لیاری کلاکوٹ سے پولیس نے ایک اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کر کے اسلحہ ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی۔ نیوٹان پولیس نے چھاپہ مار کاروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گلستان جوھر بلاک 19 میں رینجرز نے رات گئے سرچ آپریشن کے دوران تین ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔ زیرحراست ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :