کراچی، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، القاعدہ کے 3 دہشت گردوں سمیت 15ملزمان گرفتار،بارودی مواد اور اسلحہ برآمد

ہفتہ 18 جون 2016 11:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء ) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کاروائی کر کے القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں سمیت 15ملزمان کو گرفتار کر کے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کاروائی کر کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں عبدالسمیع خان، مظہرالسلام اور سہل اختر کا تعلق القاعدہ برصغیر سے ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کئے گئے ہیں۔ گرفتار دہشت گرد شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ پولیس نے جیکسن کے علاقے میں کاروائی کر کے تین اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

ماڈل کالونی میں پولیس نے کاروائی کر کے اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ 8 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ لیاری کلاکوٹ سے پولیس نے ایک اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کر کے اسلحہ ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی۔ نیوٹاوٴن پولیس نے چھاپہ مار کاروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گلستان جوھر بلاک 19 میں رینجرز نے رات گئے سرچ آپریشن کے دوران تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ زیرحراست ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :