وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیر بین الصوبائی ہم آہنگی ریاض حسین پیر زادہ کی ملاقات

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 16 جون 2016 21:46

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 16 جون۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وفاقی وزیر بین الصوبائی ہم آہنگی ریاض حسین پیر زادہ نے ملاقات کی۔ ریاض حسین پیرزادہ نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی آپریشن کے بعد صحت یابی پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے پنجاب کے عوام کیلئے بہترین اور متوازن بجٹ پیش کرنے پر بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اتحاد اور اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ احتجاج اور انتشار کی سیاست کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ ایم پی اے کاظم پیرزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔