وفاقی وزراء اور وزارتوں کے امیدوار حواس باختہ ہو کر "عمران فوبیا" کا شکار ہو چکے ‘عبدالعلیم خان

حکومتی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے ،عید کے بعد فیصلہ کُن مرحلہ ہو گا ،دانیال اور طلال کو کچھ نہیں ملے گا ‘ کارکنوں سے خطاب

جمعرات 16 جون 2016 21:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء اور وزارتوں کے امیدوار حواس باختہ ہو کر "عمران فوبیا" کا شکا رہو چکے ہیں اور انہیں اپنا تاریک سیاسی مستقبل دیوار پر لکھا نظر آ رہا ہے اسی لیے وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لے کر حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے یہاں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے انشا ء اﷲ عید کے بعد فیصلہ کُن مرحلہ ہو گا اور دانیال اور طلال جیسے کاسہ لیسوں کو کچھ نہیں ملے گا جو بڑی ڈھٹائی کے ساتھ حکمرانوں کا دفاع کرنے کیلئے میڈیا کاسہارا لیتے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ سب اچھا کا نعرہ لگانے والوں کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں دو برس قبل ہونے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا جواب دینا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ اُن درجنوں بے گناہ شہریوں کاخون کس کے سر ہے ؟انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3برسوں کی حکومتی کاکردگی مکمل طور پر مایوس کُن ہے ،مہنگائی ،بے روزگاری اور بد امنی عروج پر ہے کیا اس سب کا ذمہ دار بھی عمران خان ہے جن پر حکومتی وزراء دشنام طرازیاں کرتے رہتے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک گیر تبدیلی لانے اور پاکستان کو صاف اور شفاف نظام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انشا ء اﷲ عوام عمران خان کی قیادت میں منزل تک پہنچنے سے پہلے دم نہیں لیں گے ۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ 17جون کے دھرنے میں تحریک انصاف کی بھرپور نمائندگی ہو گی اور وہ خود کارکنوں کے ہمراہ شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ عوام کو سستا اور فوری انصاف دلانے کے دعویدار سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کیوں خاموش ہیں ؟وزیر قانون کی پریس کانفرنس شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے شعیب صدیقی نے کہا کہ یہ ناحق خون رائیگا ں نہیں جائیگا اور حکمرانوں کو اس کا حساب دینا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :