امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام صحافیوں کے لیے تربیتی ادارے کا دورہ

آزاد صحافت جمہوری معاشرے کیلیے انتہائی ضروری ہے۔سی ای جے کے ذریعے پاکستانی صحافیوں کو اعلی معیار ی تربیت فراہم کی جا رہی ہے ، برائن ہیتھ

جمعرات 16 جون 2016 21:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) امریکی قونصل خانے نے صحافتی تنظیموں کے نمائندوں کے لیے امریکی تعاون سے قائم ہونے والے ادارے سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنل ازم(سی ای جے)کے دورے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پرکراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ اورسی ای جے کے سربراہ کمال صدیقی نے کراچی پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس اور پاکستان میڈیا کلب کے نمائندوں کو ادارے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے برائن ہیتھ نے کہاکہ آزاد صحافت جمہوری معاشرے کیلیے انتہائی ضروری ہے۔سی ای جے کے ذریعے پاکستانی صحافیوں کو اعلی معیار ی تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔

(جاری ہے)

قونصل جنرل برائن ہیتھ نے مزید کہا کہ سی ای جے پاکستانی صحافیوں کے درمیان رابطوں کو مزید مظبوط بنانے میں بھی اہم کردار اداکرے گا۔

سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنل ازم(سی ای جے)امریکی حکومت کے تعاون سے قائم ہونے والا ادارہ ہے جس کی تشکیل اور انتظام کیلیے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)، انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ(آئی سی ایف جے)اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میڈل اسکول آف جرنلزم مشترکہ تعاون فراہم کر رہے ہیں۔آئی بی اے سٹی کیمپس، گارڈن میں قائم ہونے والے اس ادارے کے جدید ٹی وی اسٹوڈیو اور نیوز روم میں اخباری صنعت اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو معیاری عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

ادارے کے زیر اہتمام تربیتی کورسز میں امریکا اور پاکستان کے نامور میڈیا ماہرین پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔ اس ادارے کے ذریعے انویسٹی گیٹو جرنل ازم، ملٹی میڈیا رپورٹنگ، سوشل میڈیا، ذمہ دارآنہ صحافت، صحافیوں کی حفاظت اور ڈیٹا جرنل ازم کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سی ای جے میں مذاکروں اور سیمینارز کا بھی باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :