حجرہ شاہ مقیم ، پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتا ر،3 فرار

جمعرات 16 جون 2016 20:40

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء) حجرہ شاہ مقیم میں عوام اور پولیس کیساتھ مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک ایک زخمی حالت میں گرفتا ر، تین فرار ،پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب حجرہ شاہ مقیم کے نواح میں دو واقعات کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہو گئے ایک زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پہلا واقعہ نو بجے رات ہوا جس میں نواحی گاؤں بھائیکے لعل چند کا رہائشی علی رضا جٹ اپنے ساتھی علی نواز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے گھر لوٹ رہا تھا کہ پل راجباہ گاؤں کے قریب سامنے سے تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے انہیں روکنا چاہا جو نہ رکے اور موٹرسائیکل بھگا دی ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی گولیاں موٹرسائیکل کو لگیں فائرنگ اور شور کی آواز سن کر دیہاتی آگئے جنکا ڈاکوؤں سے مقابلہ ہو گیا دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی اسی دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا اسکا ایک ساتھی زخمی ہوگیا جسے پکڑ کر دیہاتیوں نے پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ تیسرا ڈاکو موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو کا نام پولیس ذرائع سے مشتاق عرف موسی ساکن چشتی شام دین جبکہ زخمی ڈاکو اجمل ولد ذوالفقار معلوم ہوا ہے، دوسرے پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا،دو فرار ہو گئے جسکی تفصیلات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم میں تین موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے جندران کلاں پل کے قریب راہگیر محمد اصغر ساکن کھرل کلاں سے موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے اطلاع پر پولیس نے پیچھا کیا تو گاؤں کھرل کلاں پر ڈاکوؤں اور پولیس کا ٹاکرا ہو گیا دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا کچھ دیر بعد فائرنگ رکی تو ایک ڈاکو رحمت علی عرف ٹڈو ساکن سومیاں بھولوں کی نعش برآمد ہوئی جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے ہلاک ہواجبکہ دیگر دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈاکو کی نعش پوسٹمارٹم کے لیے روانہ کر دی۔

متعلقہ عنوان :