چیچہ وطنی،پسند کی شادی پر بھائی کے ہاتھوں شوہرکے قتل کے بعد بیوی نے بھی خود کشی کرلی

جمعرات 16 جون 2016 20:34

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء) ڈکیت بھائی کے ہاتھوں شوہرکے قتل کے بعد بیوی نے بھی خودکو گولی مار کرخودکشی کرلی، مقتولہ شدید زخمی حالت میں ڈیڑھ گھنٹے تک ہسپتال میں تڑپتی رہی کوئی ڈاکٹر موجود نہ تھا ، پولیس کے مطابق گاؤں 22،چودہ ایل میں غلام حیدر کاٹھیہ نے چار ماہ قبل علاقے کے بدنام ڈکیت صابر کاٹھیہ کی ہمشیرہ نسرین بی بی سے پسند کی شادی کی تھی جس پر ڈاکو اور اسکے ساتھیوں نے غلام حیدر کے گھر کو نذر آتش کردیا تاہم وہ اپنی بیوی کے ہمراہ بھاگ جانے میں کامیاب ہوگیا،برادری کے افراد نے فریقین میں مصالحت کروا دی جس پرغلام حیدر اور اسکی بیوی واپس گاؤں آکر دوبارہ اپنے گھر میں رہنے لگے تاہم اشتہاری ملزم صابر ڈکیت نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بہن کے گھر میں زبردستی گھس کر بہنوئی غلام حیدر کو موت کے گھاٹ اتار دیا تاہم قریب ہی چارپائی پر لیٹی ہوئی اپنی بہن کو چھوڑ دیا،مقتول کی تدفین کے کچھ ہی دیر بعد اسکی بیوی نسرین نے بھی پستول سے خود کوگولی مار لی جسے شدید زخمی حالت میں تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں کوئی ڈاکٹر موجود نہ تھا اور مضروبہ ڈیڑھ گھنٹہ تک تڑپتی رہی جس سے اسکی موت واقع ہوگئی، متوفیہ نے اپنے نزعی بیان میں کہا کہ وہ اپنے شوہر کی محبت میں دنیا سے جارہی ہے، بھائی صابر نے میرے شوہر کو قتل کرکے اچھا نہیں کیا میں اکیلی دنیا میں کیا کرونگی، پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد لڑکی کی میت بھی تدفین کیلئے لواحقین کے سپرد کردی ہے، ملزم صابر کو ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، پسند کی شادی افسوسناک انجام پورے علاقہ میں موضوع بحث بنا ہوا ہے اورواقعہ سے گاؤں میں خوف وہراس کی فضا بھی دیکھنے میں آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :