محکمہ زکو ٰة و عشر نے 12ہزار مستحقین میں 17کروڑ 92لاکھ روپے تقسیم کئے

جمعرات 16 جون 2016 13:46

فیصل آباد۔16 جون(اے پی پی )محکمہ زکو ٰة و عشر نے رواں سال کے گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران 12ہزار مستحقین میں 17کروڑ 12ہزار روپے تقسیم کئے ہیں ۔ ضلعی چیئر مین زکو ٰة و عشر نذیر حسین باجوہ نے بتایا کہ ماہ جنوری سے مئی 2016ء تک 12ہزار مستحقین میں مجموعی طور پر 17کروڑ 92لاکھ 64ہزار 968 روپے تقسیم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزارہ الاؤنس کی مد میں 6ہزار 969 مستحقین میں 8کروڑ 33لاکھ 58ہزار روپے تقسیم کئے گئے۔

اسی طرح 213نابینا افراد میں خصوصی گزارہ الاؤنس کی مد میں 23لاکھ 34ہزار روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ جنرل ایجوکیشن کے لئے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم 871مستحق طلباء و طالبات کو 59لاکھ 26ہزار 872روپے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ دینی مدارس میں زیر تعلیم 933مستحق طلباء و طالبات کو 59لاکھ 88ہزار 600روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مستحق بچوں کو روز گار مہیا کرنے کے لئے خصوصی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے تحت ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں زیر تربیت 3ہزار 278طلباء و طالبات کے لئے 7کروڑ 9لاکھ 5ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مختلف سرکاری ہسپتالوں میں نادار اور مستحق مریضوں کے علاج ومعالجہ کے لئے 43لاکھ 52ہزار 496روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ مستحق بچیوں کی شادیوں کے لئے 20ہزار روپے فی کس کے حساب سے 320بچیوں کو 64لاکھ روپے کا جہیز فنڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔