ملک کو موجودہ نہج تک پہنچانے میں حکومت کیساتھ اپوزیشن بھی برابر کی شریک ہے ‘ سردار حُر بخاری

جمعرات 16 جون 2016 13:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے مرکزی رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ نہج تک پہنچانے میں حکومت کیساتھ اپوزیشن بھی برابر کی شریک ہے ، پیپلز پارٹی ” کچھ لو کچھ دو “ کی سیاست کی بجائے حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار نبھاتی تو آج عوام بد حال نہ ہوتے ۔ پارٹی کے مرکزی دفتر وحدت روڈ پر جنوبی پنجاب سے ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار حُر بخاری نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید پسے ہوئے طبقات کی آواز تھے لیکن بد قسمتی سے آج پیپلزپارٹی کا کردار یکسر تبدیل ہو گیا ہے ۔

پارٹی کے نام نہاد لیڈر صرف گیدڑ بھبھکیوں سے کام چلا رہے ہیں حالانکہ عوام تو کیا پارٹی کے کارکن بھی انکے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کے مشن کی تکمیل کے لئے ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہید خان کی سربراہی میں جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشا اللہ رمضان المبارک کے بعد اس میں تیزی آئے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکن آپس میں متحدرہیں اور جو دیرینہ رہنما او رکارکن خاموشی اختیار کر کے گھروں میں بیٹھ گئے ہیں انہیں کردار ادا کرنے کیلئے فعال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ایک سیاسی تاریخ ہے اور ان کارکنوں کو بھرپور عزت دیں گے اور تمام فیصلے ان کی مشاورت سے کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :