وفاقی اورپنجاب حکومت نے خیالی بجٹ میں سابقہ خواب بیچے ہیں‘ مسرت جمشید چیمہ

جمعرات 16 جون 2016 13:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی اورپنجاب حکومت نے خیالی بجٹ میں سابقہ خواب بیچے ہیں ،مختلف شعبوں کیلئے رکھے گئے بجٹ کے اعدادوشمار میں بیورو کریسی کی ”طاقت “کے کر شمے واضح ہیں، تحریک انصاف میں کسی بھی سطح پر کوئی اختلافات نہیں ۔ اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ تجریہ کار حکمرانوں نے مسلسل نواں خسارے کا بجٹ پیش کیا ہے ۔

ڈیڑھ کھرب کے ضمنی بجٹ کے استعمال کا کارنامہ صرف مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی سر انجام دے سکتی ہے لیکن حیرت ہے پھر بھی گڈ گورننس کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا52فیصد ہیں لیکن ان کے لئے مختص بجٹ آٹے میں نمک کے برابر ہے ۔

(جاری ہے)

صحت ، تعلیم اور زراعت کے شعبے میں مختص کردہ بجٹ ناکافی ہے ،مطالبہ ہے کہ بجٹ منظوری سے پہلے حکمران اپنے اللے تللوں کے لئے مختص بجٹ میں کمی کرکے ان شعبوں کو فنڈز منتقل کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اوروہ حکمرانوں کے اعدادوشمار کے ہیر پھیر کو سمجھتے ہیں اس لئے انہیں لالی پاپ دینے کی کوشش نہ کی جائے ۔ مسرت چیمہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے ، پارٹی میں کسی بھی سطح پر کوئی اختلافات نہیں اور تمام رہنما اور کارکن عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔

متعلقہ عنوان :