سستے رمضان بازاروں کا انعقاد عوام کی سہو لت کے لیے کیا گیا ہے،طاہر امین

جمعرات 16 جون 2016 12:03

اوکاڑہ۔16 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جون ۔2016ء )رمضان المبارک میں پنجاب حکومت کی طرف سے عوام کو ارزاں نرخوں پر بہترین معیارکے پھل و سبزیاں اور اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لئے سستے رمضان بازاروں کا انعقاد کیا گیا ہے اس کا سارا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو جاتا ہے جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے نا صرف اقدامات پر زور دیتے ہیں بلکہ عملی طور پر رمضان بازاروں کے دورے کر کے پنجاب حکومت کی کار کردگی کو بھی خود چیک کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ طاہر امین نے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ڈی سی او سقراط امان رانا کی خصوصی ہدایات پر اوکاڑہ شہر میں جو سٹالز لگائے گئے ہیں ان میں ،بچوں اور خواتین کے لئے الگ کاؤنٹر اور موسم کی شدت میں کمی کے لئے مسٹ فین اور ائیر کولروں کا اہتمام کیا گیا ہے اور سینئر سٹیزن کی سہولت کے لئے وہیل چیئرز بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ ،واش رومز کی سہولتیں بھی معیاری ہیں اور سکیورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہو نے بتایا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں خصوصاً خواتین اور بچوں کے لئے رمضان بازار میں چوڑیوں اور مہندی وغیرہ کے سٹالز بھی لگوائے جائیں گے جو کہ اپنی نوعیت کا منفرد بازار کہلائے گا۔