یوروگوئے رہائشی 29 سالہ نوجوان سینکڑوں پرندوں کو آوازوں سے شناخت کرسکتا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 جون 2016 11:51

یوروگوئے رہائشی 29 سالہ نوجوان سینکڑوں پرندوں کو آوازوں سے شناخت کرسکتا ..

مونٹیویڈیو(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16جون۔2016ء) جوآن پابلو سماعت کی ایک غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے جس میں وہ آواز کی مطلق (ابسولوٹ) پِچ سن کر شناخت کر سکتا ہے اور یہ سننے کی ایک نایاب صلاحیت ہے اور کہتے ہیں کہ موزارٹ جیسا عظیم موسیقار بھی یہی صلاحیت رکھتا تھا۔ بچپن میں جوآن پابلو نامی اس نابینا شخص کے والد نے اسے پرندوں کی آوازوں کی ایک کیسٹ لا کر دی تھی اور اسے پرندوں کی اقسام کے بارے میں بتانا شروع کیا تھا۔

اس طرح نابینا جوآن نے پرندوں کو آوازوں کی بنیاد پر شناخت اور یاد کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد پرندوں کے ماہرین کے ساتھ بھی اس نے فیلڈ میں کام شروع کر دیا۔ اب وہ حساس ریکارڈر لے کر دنیا بھر کے کئی مقامات سے پرندوں کی آواز ریکارڈ کر کے انہیں یاد کر لیتا ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں پابلو نے دنیا کے سرد ترین براعظم انٹارکٹیکا میں 2 ماہ قیام کیا وہاں اس نے سمندری سیلز اور سی لائنز کی آوازیں ریکارڈ کر کے انہیں سنا اور یاد کیا جب کہ پابلو روشنی کا احساس کرتے ہوئے دن اور رات کے فرق کو بھی پہچان سکتا ہے۔

پابلو نے برازیل کے جنگلات میں جانوروں کی آواز ریکارڈ کر کے فطری آوازوں کو جاننے کا علم بھی حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ نیشنل جیوگرافک سے 45 ہزار ڈالر کا انعام بھی حاصل کر چکا ہے جب کہ ایک ٹیسٹ میں اسے 250 پرندوں کی آوازوں میں سے 15 کی شناخت کر کے ان کے نام بتانے تھے جس میں وہ کامیاب رہا۔