ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کے باعث عمران فاروق قتل کیس میں کوئی کارروائی نہ ہو سکی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 جون 2016 11:21

ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کے باعث عمران فاروق قتل کیس میں ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16جون۔2016ء) ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کے باعث عمران فاروق قتل کیس میں آج بھی کوئی کارروائی نہ ہو سکی ، عدالت نے تینوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر کے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی تعیناتی کیلئے 30 جون تک مہلت دے دی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی تحقیقاتی ادارہ پراسیکیوٹر تعینات کرنے میں ناکام رہا ، فاضل جج نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل وسیم رانجھا سے استفسار کیا کہ پراسیکیوٹر تعینات کیوں نہیں کیا جا رہا ، عدم تعیناتی کی وجہ سے کارروائی تعطل کا شکار ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت پر پراسیکیوٹر تعینات نہ ہوا تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ پراسیکیوٹر تعیناتی کیلئے 30 جون تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔ ملزمان خالد شمیم ، معظم علی اور محسن علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی گئی۔ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق متفرق درخواستوں پر آج بحث ہونا تھی۔

متعلقہ عنوان :