سرینگر میں ہزاروں افراد کی شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت

پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے گئے ،یاسین ملک ، بشیر احمد بٹ گرفتار

بدھ 15 جون 2016 21:03

سرینگر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 جون ۔2016ء ) مقبوضہ کشمیرمیں ہزاروں کی تعدادمیں لوگوں نے سرینگر میں بھارتی پولیس اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوان تنویر سلطان شیخ کی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہید کے جنازے کے دوران انکے بھائی کو دل کا دورہ پڑنے پر مقامی ہسپتال منتقل کیاگیا ۔

حریت رہنماؤں یاسمین راجہ ،شکیل احمد بخشی ، نور محمد کلوال ، مشتاق الاسلام ، عبدالاحد پرہ ، رفیق گنائی ، فاروق گوتہ پوری، فاروق احمد توحیدی ، پیر سیف اللہ ، تحریک حریت کے رہنماء اور دیگر نے شہید نوجوان کے جنازے میں شرکت کی ۔ اس موقع پر آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے ۔

(جاری ہے)

ادھر بمنہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

پولیس نے تنویر کے قتل کے خلاف مظاہروں کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا ۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کر کے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا ہے ۔ بھارتی پولیس نے مسلم لیگ کے رہنماء بشیر احمد بٹ کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز سرینگر جموں ہائی وے پرکد کے مقام پر تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک مسافر بس کو روک کر تنویر سلطان اور خاتون کو شہید کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :