فیکٹری ایریا میں پسند کی شادی کرنے پر جلائی گئی زینت کے کیس میں اہم پیشرفت ، مفرور بھائی کو بھی گرفتار کرلیا گیا

زینت کی پسند کی شادی کرنے کا رنج تھا ،قتل کے وقت ماں ، ایک بھابھی اور میں گھر میں موجود تھے ‘ ملزم نے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا

منگل 14 جون 2016 14:22

فیکٹری ایریا میں پسند کی شادی کرنے پر جلائی گئی زینت کے کیس میں اہم ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جون ۔2016ء) لاہور کے فیکٹری ایریا میں پسند کی شادی کرنے پر جلائی گئی زینت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،جلائی جانے والی لڑکی زینت کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا،ملزم نے اپنی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم انیس کو تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں نشتر روڈ کے قریب ایک رشتے دار کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

جس نے اپنی سگی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ملزم انیس نے پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ زینت کا گلا دبا کر بعد میں اسے آگ لگا دی ،زینت کا گلا دبانے ،آگ لگانے میں ماں میرے ساتھ تھی ۔ملزم انیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ زینت کی پسند کی شادی کرنے کا رنج تھا ، اس لئے اسے قتل کیا ، زینت کے قتل کے وقت ماں ، ایک بھابھی اور میں گھر میں موجود تھے ، بہن کو قتل کرنے کے بعد گھر سے فرارہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں مست اقبال روڈکی رہائشی 17سالہ زینت نے 29مئی کو گھر سے فرار ہو کر حسن نامی لڑکے سے پسند کی شادی کی تھی جس پر اس کے گھر والے شدید ناراض تھے۔پولیس افسر کے مطابق لڑکی کے گھر والے اسے یہ سمجھا کر واپس گھر لائے کہ وہ باقاعدہ طور پر اس کی رخصتی کریں گے تاہم گھر لاکر زینت پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئی۔س کیس میں زینت کی والدہ پروین بی بی اور اس کے بہنوئی مشتاق کوپہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ پروین نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے اس نے اپنی 17سالہ بیٹی زینت رفیق کو چارپائی سے باندھا، پھر اس پر مٹی کا تیل چھڑکا اور اس کے بعد آگ لگا دی۔

متعلقہ عنوان :