نعیم خان کے والد کے انتقال پرنیشنل فرنٹ کے عہدیداروں اور سینئر اراکین کا سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی

منگل 14 جون 2016 12:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرنیشنل فرنٹ کے عہدیداروں اور سینئر اراکین نے سرینگر میں منعقدہ ایک اجلاس میں پارٹی چیئر مین نعیم احمد خان کے والد غلام محمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پارٹی عہدیداروں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک حوصلہ مند آزادی پسند تھے جن کے سینے میں آزادی کی تڑپ اْن کے ایام طالب علمی سے ہی موجزن تھی۔

(جاری ہے)

مرحوم غلام محمد خان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اْنہوں نے شہید محمد مقبول بٹ کے ساتھ بھی تحریک آزادی کے لیے کام کیا ہے۔ پارٹی عہدیداروں نے کہا کہ مرحوم غلام محمدخان کو تحریک آزادی کے لیے اْن کی خدمات اور جذبے کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ قابض فورسز نے مرحوم کو پہلی بار1973میں گرفتار کیا اور اس کے بعدانہیں کئی بار عذاب و عتاب کانشانہ بنایا گیا مگر اْن کے پایہ استقلال میں کوئی کمزوری پیدا نہیں ہوئی۔پارٹی عہدیداروں نے نعیم احمد خان سمیت سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔