تحریک حریت کے رہنماء کالے قانون کے تحت بارہمولہ جیل منتقل

گرفتاریوں اور ظلم و تشدد سے کشمیری حریت پسندوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ‘ترجمان تحریک حریت

منگل 14 جون 2016 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنماء محمد یوسف لون کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بارہمولہ جیل منتقل کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ضلع کپواڑہ کے صدر محمد یوسف لون کو پولیس حال ہی میں لولاب کے علاقے کانٹھ پورہ سے اس وقت گرفتار کیاتھا جب وہ ایک شہید کشمیری نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جارہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہیں گزشتہ روز ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کپواڑہ کی عدالت میں پیش کیاگیا ۔عدالت کے جج نے ان پر کالا قانون پی ایس اے لاگو کر کے انہیں بارہمولہ جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا ۔ادھر تحریک حریت کے ترجمان نے ایک بیان میں محمد یوسف لون پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے جیل منتقلی کو انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وہ پر امن سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے ۔انہوں نے یوسف لون سمیت تمام غیر قانونی طورپرنظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ گرفتاریوں اور ظلم و تشدد سے کشمیری حریت پسندوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔