سعودی عرب کی اورلینڈو میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت

امریکی عوام کے ساتھ کھڑے اور حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، امریکا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر تشدد اور دہشت گردی کی اس طرح کی احمقانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں واشنگٹن میں متعین سعودی سفیر عبداﷲ آل سعود کا بیان

پیر 13 جون 2016 22:45

سعودی عرب کی اورلینڈو میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت

واشنگٹن/ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جون ۔2016ء) سعودی عرب نے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب امریکی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے، امریکا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر تشدد اور دہشت گردی کی اس طرح کی احمقانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں متعین سعودی سفیر عبداﷲ آل سعود نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی مملکت اورلینڈو ،فلوریڈا میں بے گناہ افراد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مقتولین اور مجروحین کے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ تعزیت اور امریکی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

شہزادہ عبداﷲ نے کہا کہ سعودی عرب امریکی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب امریکا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر تشدد اور دہشت گردی کی اس طرح کی احمقانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔گزشتہ روز اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے پچاس افراد ہلاک اور پچاس سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے ۔اورلینڈو کے پلس نائٹ کلب میں اتوار کو علی الصباح حملہ امریکا کی جدید تاریخ میں فائرنگ کا بدترین واقعہ ہے۔یہ فائرنگ افغان نژاد امریکی شہری عمر ایس متین نے کی ہے۔عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔