ایم کیو ایم یو ایس اے اور کینیڈا کی اورلینڈومیں ہونے والے دہشت گردی کے افسوسناک سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت

پیر 13 جون 2016 21:38

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جون ۔2016ء) ایم کیو ایم یو ایس اے اور کینیڈا نے اورلینڈومیں ہونے والے دہشت گردی کے افسوسناک سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اورمرنے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے تین روز کے لئے اپنی تمام سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔اورلینڈو میں دہشت گردی کے دل دہلادینے والے اس واقعہ نے انسانیت پر یقین رکھنے والے ہر فرد کو غمگین کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام کے نام پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اسلام کے امن ، پیار اور اخوت کے فلسفہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ مذہبی انتہا پسندی کے باعث دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پوری دنیا خاص طور پر امریکہ کے مسلمانوں کے لئے مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے کارکنان، اورلینڈو میں ہونے والے دہشتگردی کے اس واقعہ پر امریکی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ ایم کیو ایم یو ایس اے اور کینیڈا کے زیر اہتمام امریکہ اور کینیڈا کے مختلف شہروں میں اس افسوسناک واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔