عمر متین کا باپ افغان صدر بننے کا خواہشمند ہے، برطانوی اخبارکا انکشاف

پیر 13 جون 2016 16:58

عمر متین کا باپ افغان صدر بننے کا خواہشمند ہے، برطانوی اخبارکا انکشاف

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جون ۔2016ء ) برطانوی اخبار ”ڈیلی میل “نے اورلینڈو کے کلب میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور عمر متین کے والد صدیق متین کے بارے میں نیا انکشاف کیا ہے کہ وہ افغان صدر بننے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ صدیق متین افغان صدر بننے کے لیے کوشش کر رہا ہے جبکہ وہ طالبان کا حامی بھی رہ چکا ہے ، صدیق متین پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم بھی چلاتا رہا ہے ۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ صدیق متین نے خود کو افغان صدر کے لیے امیدوار قرار دیا ہے جبکہ اسی مقصد کے لیے اس نے واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ امریکی کانگریس کا دورہ کیا اور سیاسی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں ۔اخبار کے مطابق صدیق متین اکثر اپنے پیج پر ایسے ویڈیوز اور پیغامات پوسٹ کرتا رہا ہے جس میں وہ افغان صدر کی طرح احکامات دیتا نظر آتا ہے ۔

(جاری ہے)

صدیق متین کی جانب سے امریکی صدر اوباما کو لکھے گئے خطوط میں اس نیافغان طالبان کی بھی حمایت کی ہے ۔ صدیق متین امریکی حکام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مخالف نفرت انگیز مہم چلانے میں ملوث رہا ہے ۔انہوں نے یوٹیوب چینل پر کئی پروگرامات کیے جس میں پاکستان کے خلاف زہر اگلا ، جبکہ امریکا سے پاکستان کی امداد روکنے کے لیے بھی پروپیگنڈا کرتا رہا جبکہ آرمی چیف راحیل شریف کی تصاویر کو آگ لگا کر انٹرنیٹ پر بھی جاری کرتا رہا ہے۔ صدیق متین سینٹ لویسا میں 2 لاکھ اکیس ہزار ڈالر کے پراپرٹی کا مالک بھی ہے۔