ہلیری کاصدرمنتخب ہوناامریکا کیلئے منفردواقعہ ہوگا

پیر 13 جون 2016 15:05

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جون ۔2016ء ) ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن اگر امریکی صدر منتخب ہوگئیں تو امریکاکے لیے یہ ایک سنگ میل ہوگا لیکن دنیا میں کم از کم ساٹھ ممالک ایسے ہیں جہاں اس سے پہلے خواتین اس منصب پر رہ چکی ہیں ۔1960 میں سری لنکا تمام ممالک پر بازی لے گیا جب سری مایو بندرانائیکے دنیا کی پہلی خاتون سربراہ حکومت منتخب ہوئیں۔

1966 میں بھارت میں اندرا گاندھی اور انیس سو انہتر میں اسرائیل میں گولڈا میئر نے اقتدار کی باگ دوڑ سنبھالی ۔ستر کی دہائی میں ارجنٹینا، سینٹرل افریقن ری پبلک اور پرتگال کے بعد انیس سو اناسی میں برطانیہ میں مارگریٹ تھیچر کو سربراہ مملکت منتخب کیا گیا ۔80 کے عشرے میں آئس لینڈ، ناروے، مالٹا، فلپائن اور بھر انیس سو اٹھاسی میں پاکستان میں پہلی خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو بر سر اقتدار آئیں ۔

(جاری ہے)

نوے کی دہائی میں آئرلینڈ، بنگلادیش، فرانس ، پولینڈ ، کینیڈا، ترکی، نیو زی لینڈ، پانامہ حتی کہ روانڈا اور برونڈی میں بھی خواتین قیادت کا خیر مقدم کیا گیا ۔اکیسویں صدی کے آغاز میں انڈونیشیا ، سنیگال ، پرو ، موزمبیق، جرمنی، یوکرائن اور جنوبی کوریا میں خواتین کو حکمرانی سونپی گئی ۔اکیسویں صدی کا دوسرا عشرہ ابھی ختم نہیں ہوا اور 17 ممالک نے پہلی بار خاتون کو اختیار اقتدار سونپنے کا سنگ میل حاصل کرلیا ہے ۔