مملکت مخالف سرگرمیوں میں ملوث تین بحرینی نیشنل گارڈز کی شہریت منسوخ

پیر 13 جون 2016 14:55

منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جون ۔2016ء)بحرین میں جاری ایک سرکاری فیصلے میں نیشنل گارڈز کے 3 اہل کاروں کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس میں بتایاگیا کہ سرکاری بیان کے مطابق یہ افراد مملکت بحرین کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری حکم نامے کے مطابق بحرین کی شہریت سے متعلق قانون کے آرٹیکل 10 آئٹم سی کے متن میں ہے کہ اگر کوئی شخص مملکت کے مفادات کے خلاف کارروائیوں یا ولی امر کے لازم کردہ احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب یا ان میں ملوث پایا گیا تو اس کو شہریت سے محروم کردیا جائے گا۔

وزیر داخلہ کی جانب سے پیش کردہ درخواست اور کابینہ کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد تین اہل کاروں خلف احمد خضر الدخیل ، محمد ترای حمد العواد اور عدنان صالح مسعد کی بحرینی شہریت کو منسوخ کردیا گیا ہے۔