کوہاٹ پولیس نے علاقہ غیر سے خودکارہتھیاروں کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

پیر 13 جون 2016 11:38

کوہاٹ ۔13جون( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جون ۔2016ء ) کوہاٹ پولیس نے علاقہ غیر سے خود کار ہتھیاروں کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو بین الاضلاعی سمگلروں کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔کوہاٹ انڈس ہائی وے مسلم آباد چیک پوسٹ پرتلاشی کے دورا ن قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے بنوں جانے والی سوزوکی پک اپ سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جرما سید سریر الدین اے ایس آئی طاہر محمود اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اس اثناء میں علاقہ غیر درہ آدم خیل سے بنوں جانے والی ایک مشکوک سوزوکی کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانے میں چھپایا گیا بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے گاڑی میں سوار دو بین الاضلاعی سمگلروں احمد فیاض اور زبیر خان ساکنان محمد زئی کوہاٹ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق سوزوکی پک اپ سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں دو ایس ایم جی ،ایک کلاکوف،ایک ریپیٹر ،دو پستول،چودہ عدد مختلف قسم کے اسلحہ چارجرز اومختلف بور کے سینکڑوں کارتوس شامل ہیں ۔پولیس نے ہتھیاروں کی سمگلنگ میں استعمال ہونے والی سوزوکی پک اپ گاڑی تحویل میں لیکر اسلحہ سمیت گرفتار ملزمان کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں انکے خلاف غیر قانونی اسلحہ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اسلحہ قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے بنوں سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جبکہ اس سلسلے میں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :