عالمی رہنماوٴں کی اورلینڈو حملے کی مذمت

پیر 13 جون 2016 11:30

واشنگٹن۔ 13 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جون ۔2016ء) امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی عالمی رہنماوٴں اور سیاست دانوں نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔امریکی تاریخ میں فائرنگ کے اس بدترین واقعے پر امریکہ اور عالمی رہنماوٴں کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید مذمتی بیانات آ رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب میں ایک مسلح شخص کے اس حملے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور کم ازکم 53 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ مسلح حملہ آور 29 سالہ عمر متین کو بعد میں حکام کی طرف سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔امریکی صدر براک اوباما نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی عوام غمزدہ ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اسے درجنوں معصوم لوگوں کا سفاکانہ قتل عام قرار دیا ہے۔

ڈیمو کریٹک پارٹی سے ممکنہ نامزد صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے ٹوئٹر پر اورلینڈو حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے تباہ کن قراردیا۔ انھوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ میری صبح کا آغاز فلوریڈا سے آنے والی المناک خبر کی اطلاعات کے ساتھ ہوا ۔میں اس ہولناک واقعے سے متاثر ہونے والوں کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔ریپبلکن جماعت کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹر پر اپنے ابتدائی پیغام میں کہا کہ کیا فلوریڈا میں ہولناک واقعہ ہوا پتہ نہیں یہ سب کب بند ہو گا ہم کب مضبوط اور چوکس ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری دعائیں تمام متاثرین اور ان کے گھر والوں کے ساتھ ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی طرف سے اورلینڈو حملے کی مذمت کی گئی ہے۔اقوام متحدہ کے ٹوئٹر پیغام کے مطابق بان کی مون نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کی ہے اور امریکی عوام اور حکومت کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے معصوم شہریوں کے قتل کے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میں اورلینڈو میں رات بھر فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات سن کر خوفزدہ ہوں۔ میرے جذبات اس ہولناک حملے کے تمام متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔لندن کے پہلے مسلمان میئر صادق خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نفرت اور تعصب کے خلاف اورلینڈو شہر کے ساتھ کھڑا ہوں اور ہلاکت خیز حملے کے تمام متاثرین کے ساتھ غمزدہ ہوں ۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اسے اندرونی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم امریکا میں اپنے دوستوں کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور آج کے حملے کے متاثرین ہم جنس برادری کے ساتھ یک جہتی کے لیے کھڑے ہیں۔پوپ فرانسس نے معصوم لوگوں کے قتل عام کے اس واقعہ کو احمقانہ نفرت قرار دیا ہے۔ ویٹیکن ترجمان ریو فریڈریکو لومبر دی نے کہا پوپ فرانسس نے اس حملے سے متاثر ہونے والوں کے لیے دکھ اور ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔

فلوریڈا میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشن کیئر فلوریڈا کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اورلینڈو حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مقامی مسلمان کمیونٹی سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔کیئر فلوریڈا کے ریجنل کو آرڈینیٹر راشہ مبارک نے کہا کہ ہم اس بدترین قتل عام کی مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے میں ہلاک اور زخمیوں ہونے والوں کے خاندانوں اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے تعزیت کرتے ہیں۔