امریکہ، بھارت اور اسرائیل مل کر پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، عسکری قیادت کا ڈرون حملوں سے متعلق امریکہ کو مضبوط پیغام دینا خوش آئند اقدام ہے، سیاسی جماعتیں ملکی دفاع کیلئے باہمی اختلافات ترک کر دیں ،آنے والے دنوں میں اسلامی ممالک کا رخ چین کی طرف ہو نا چاہئے ،(کل بارت ، امریکہ معاہدوں اور ڈرون حملوں کیخلاف بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی ،اس میں تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ،امریکہ اور اسرائیل وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے بھارتی و افغان خفیہ ایجنسیوں کی سرپرستی کر رہے ہیں

چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، حافظ سعید، منور حسن، سردار عتیق ، مولانالدھیانوی، فضل الرحمن خلیل اور ،عبداﷲ گل کامشترکہ بیان

ہفتہ 11 جون 2016 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جون ۔2016ء ) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل مل کر پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ عسکری قیادت کا ڈرون حملوں سے متعلق امریکہ کو مضبوط پیغام دینا خوش آئند اقدام ہے۔ سیاسی جماعتیں ملکی دفاع کیلئے باہمی اختلافات ترک کر دیں۔دنیا میں پاک چین دوستی مثالی ہے۔

آنے والے دنوں میں اسلامی ممالک کا رخ چین کی طرف ہو نا چاہئے،پاکستان کو اس اس میں ایک پل کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ کل بھارت ، امریکہ معاہدوں اور ڈرون حملوں کیخلاف ناصر باغ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی جس سے قومی مذہبی و سیاسی قیادت خطاب کرے گی اور تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

امریکہ اور اسرائیل وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے بھارتی و افغان خفیہ ایجنسیوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

دفاع پاکستان کونسل ملک کے کونے کونے میں جاکر اہل پاکستان کو بیرونی سازشوں سے آگاہ کرنے اور انہیں متحد و بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ہفتہ کو چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سید منور حسن، سردار عتیق احمد خاں، مولانا محمد احمد لدھیانوی،مولانا فضل الرحمن خلیل ،عبداﷲ گل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ امریکہ پاکستان نہیں بھارت کا اتحادی ہے اور یہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے پاکستان کے وجود کو کسی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

سیاسی و عسکری قیادت کو امریکہ کے جھوٹے وعدوں پر کسی طور اعتبار نہیں کرنا چاہیے ۔ پاکستان اﷲ کے فضل و کرم سے ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔حکومت پاکستان کو امریکہ و بھارت کو واضح پیغام دینا چاہیے کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری پر حملوں کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گااور آئندہ اگر پاکستانی حدود میں ڈرون حملہ کی کوشش کی گئی تو اسے گرادیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ کی قیادت میں صلیبی، یہودی اور ہندو ایک ہو کر پاکستان کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔ انڈیا کی طرف سے امریکہ کو اپنے فضائی، زمینی اور سمندری اڈے فراہم کرنا اور امریکہ کی جانب سے پاکستان کی سرحدوں کے قریبی ایئرپورٹس پر ڈرون پہنچانااور میزائل نصب کرنا انہی خوفناک سازشوں کا حصہ ہے۔ اگرچہ پاکستان اس وقت شدید خطرات سے دوچار ہے تاہم پوری پاکستانی قوم میں وطن عزیز پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور جذبہ پایا جاتا ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔

دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ امریکہ بھارت سرکار کی سرپرستی کر کے خطہ کے امن کو برباد کر رہا ہے۔ حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر امریکی و بھارتی مذموم عزائم کو کھل کر بے نقاب کرے۔ غیور پاکستانی قوم امریکہ و بھارت کی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہو نے دے گی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ بھارت سے اڈے اور بندرگاہیں لیکر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی سازشیں کر رہا ہے۔

ان کے باہمی معاہدے صرف پاکستان کیخلاف ہیں۔ سیاسی جماعتیں غفلت ترک کریں اور حالات کے صحیح رخ کو سامنے رکھیں۔پاک چین اقتصادی راہداری کا معاہدہ امریکہ و انڈیا کو برداشت نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحاد افغانستان میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں اور اسے نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل ملک کے کونے کونے میں جا کر اہل پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کر رہی ہے ۔

دریں اثناء دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بڑے سحروافطارپروگراموں کا انعقاد کیا گیا جن میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی ،حافظ محمد مسعود ،مفتی عبدالرحمان عابداورانجینئر نوید قمر نے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں افطار پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین دوستی اور اقتصادی راہدرای کی وجہ سے انڈیا و امریکہ پریشان ہیں۔

مفادات کی دوستی امریکہ کا پرانا وطیرہ ہے۔ملک کے دفاع کیلئے ہر پاکستانی اپنے جان و مال کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے کنوینر قاری محمد یعقوب شیخ نے مقامی شادی ہال میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ،انڈیا اور اسرائیل کا عالم اسلام بالخصوص پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ ہو چکا ہے۔یہ تینوں پاکستان کا گھیرا تنگ کر کے وطن عزیز اور اس کے ایٹمی پروگرام کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں لیکن غیور پاکستانی قوم ا ن سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔