نیب ملائیشیا کی اینٹی کرپشن اکیڈمی کی طرز پر اسلام آباد میں اکیڈمی کے قیام کا ارادہ رکھتا ہے، قومی احتساب بیورو نے نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے، قومی احتساب بیورو اپنے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کاتفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے ریفریشرز اور کیپسٹی بلڈنگ کورسز کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 10 جون 2016 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب اپنے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیب ملائیشیا کی اینٹی کرپشن اکیڈمی کی طرز پر اسلام آباد میں اکیڈمی کے قیام کا ارادہ رکھتا ہے، قومی احتساب بیورو نے نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے جائزہ کی سہولت موجود ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے ٹریننگ آف ٹرینرز ریفریشرز اور کیپسٹی بلڈنگ کورسز کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ نے اجلاس میں بتایا کہ آٹھواں ٹریننگ آف ٹرینرز کورس 5 دن نیب ہیڈ کواٹر میں منعقد کیا گیا جس میں بی ایس 18 اور 19 کے 18 افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران کیلئے چار ریفریشر کورسز کا 2016ء میں منصوبہ بنایا گیا، ان میں سے دو ریفریشر کورسز دو ہفتے 31 مئی 2016ء تک نیب ہیڈ کوارٹر میں منعقد کئے گئے جس میں 221 تفتیشی افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ 2016ء میں پراسیکیوٹرز کیلئے دو کورسز کرانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ پراسیکیوٹرز کیلئے 15 روزہ ریفریشر کورس 31 مئی 2016ء تک نیب ہیڈ کوارٹر میں منعقد کیا گیا جس میں 47 پراسیکیوٹرز نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ 2016ء میں تین انٹر ریجنل ٹریننگ کا منصوبہ بنایا گیا۔ 31 مئی تک نیب ہیڈ کوارٹر میں سات روزہ انٹر ریجنل ٹریننگ منعقد کی گئی جس میں 29 نیب افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2016ء میں تفتیشی افسران کیلئے 6 کیپسٹی بلڈنگ کورسز کا منصوبہ بنایا گیا۔ دو روزہ کیپسٹی بلڈنگ کورس 31 مئی 2016ء تک نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں آسٹریلین نیشنل پولیس، برطانوی ہائی کمیشن، ایشیائی ترقیاتی بینک اور یو این او ڈی سی اور دیگر غیر ملکی اداروں کے تعاون سے 9 تربیتی کورسز منعقد کرائے گئے، 49 نیب افسران نے اس میں شرکت کی۔

قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور سرکاری اداروں کے تعاون سے 17 تربیتی کورسز منعقد کرائے گئے جس میں 44 نیب افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے علاوہ سیکرٹریز اور ایڈمن کے عملہ کی تربیت کیلئے سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد اور مین پاور انسٹی ٹیوٹ جیسے اداروں میں تربیتی کورسز منعقد کرائے۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جسے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے پرعزم اور اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ نیب اپنے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، اس لئے نیب کے افسران اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے 2016ء کیلئے جامع ٹریننگ پلان وضع کیا گیا ہے۔

اس منصوبہ پر کامیابی سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ٹرینرز کو بھی مکمل طور پر باصلاحیت اور اس ذمہ داری نبھانے کا اہل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی بیوروز میں تربیتی سرگرمیوں کے حوالہ سے منصوبہ پر عملدرآمد کیلئے تریننگ سیل قائم کئے گئے ہیں، اس لئے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی جانب سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام منعقد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نے علاقائی بیوروز، ماہرین اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تجاویز کی بنیاد پر 2016ء کیلئے ٹریننگ پروگرام وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران کیلئے ریفریشر کورسز مکمل ایک ہفتہ کی بجائے جزوی طور پر دو ہفتوں پر مشتمل ہیں جس کا مقصد تفتیشی افسران کی تربیتی کورسز میں شرکت یقینی بنانا اور یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ ان کی معمول کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے 6 کیسپٹی بلڈنگ کورسز، 6 سٹاف ڈویلپمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹریننگ کورسز کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ جائزے اور نگرانی کے نظام کو سمجھنے کیلئے مزید کورسز بھی شامل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ آپریشنل طریقہ کار پر یکساں طور پر عمل کیا جا رہا ہے جو کہ متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اپنے تفتیشی افسران/اہلکاروں کی تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس لئے نیب نے ترقی کیلئے ایم سی ایم، ایس ایم سی اور ایم این سی جیسے تربیتی کورسز کو لازمی قرار دیا ہے، افسران کی ترقی ان لازمی کورسز سے مشروط ہے۔ چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی کہ 2016ء کے تربیتی منصوبے پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو میں افرادی قوت کی تربیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اس لئے معیار اور یکسانیت کو برقرار رکھنے کیلئے نیب کے تفتیشی افسران کے اکاؤنٹس امور، جنرل فنانشل رولز ایف آر، ایس آر، ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ سے متعلق ریفریشر اور کیپسٹی بلڈنگ کورسز وضع کئے گئے ہیں، اس سے نیب میں ایس او پیز اور قواعد و ضوابط پر معیاری عملدرآمد یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے اہداف کے حصول کیلئے تربیتی پروگراموں کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا تاکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مسلسل جائزے اور بہتری کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو 104 تفتیسی افسران کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں تربیت دی گئی، تمام تفتیشی افسران کیلئے معیار اور یکسانیت یقینی بنانے کیلئے ان کیپسٹی بلڈنگ کورسز کیلئے جدید خطوط پر مبنی نصاب وضع کیا گیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نیب افسران کی جدید خطوط پر تربیت کیلئے ملائیشیا کی اینٹی کرپشن اکیڈمی کی طرز پر اسلام آباد میں اکیڈمی کے قیام کا ارادہ رکھتا ہے۔ نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے، فرانزک سائنس لیبارٹری میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹس کے تجزیے کی سہولت موجود ہے تاکہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز فرانزک سائنس میں موجود سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے مطابق مقررہ مدت میں مقدمات کی تفتیش مکمل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :