30اہلسنّت جماعتوں کے زیر اہتمام صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سزا کے خلاف یوم احتجاج منایا

صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے ان کی سزا ختم نہ ہو ئی تو عید کے بعد انکی رہائی کیلئے ملک گیر تحریک چلائی جائیگی صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سزا اہلسنّت کو بدنام کرنے کی سازش ہے‘عدالت نے صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کے مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے اوران کوناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل کاجمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 10 جون 2016 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) سنی اتحاد کونسل ، جماعت اہلسنّت ، نظام مصطفی پارٹی، جے یوپی اور دوسری 30اہلسنّت جماعتوں کے زیر اہتمام صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سز ا کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا اس سلسلہ میں خطبات جمعہ میں صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کے ساتھ ہونیوالی ناانصافی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ نماز جمعہ کے بعد لاہور ، ملتان، فیصل آباد، کراچی، کوئٹہ ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حامد سعیدکاظمی کی سزا ختم نہ ہو ئی تو عید کے بعد انکی رہائی کیلئے ملک گیر تحریک چلائی جائیگی۔ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سزا اہلسنّت کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

عدالت نے صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کے مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے۔صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی ہے۔نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے نیو میمن مسجد کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حامد سعید کاظمی کے خلاف سنایا گیاعدالتی فیصلہ ناقابل قبول ہے۔حج مشن میں کرپشن دوسرے لوگوں نے کی جس کی سزا حامد سعید کاظمی کو دی گئی ہے۔

حامد سعید کاظمی کے ساتھ ظلم و ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔جے یوپی کے صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے ایبٹ آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کی کردار کشی میں اندرونی و بیرونی فرقہ پرست طاقتیں ملوث ہیں۔ قومی خزانے کے چور آزاد پھرتے ہیں لیکن حامد سعید کاظمی کو کرپشن ثابت نہ ہونے کے باوجود گرفتار کر لیا گیا ہے۔جماعت اہلسنّت کے مرکز ی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے شاہی عید گاہ ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اہلسنّت کو مسلسل ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو فرقہ وارانہ تعصب کا نشانہ بنایا گیا ہے۔عدالتی فیصلے میں واضح لکھا ہواہے کہ حامد سعید کاظمی پر بد عنوانی ثابت نہیں ہوسکی اس کے باوجود انہیں سزا سنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کا دامن صاف ہے اور ان پر کرپشن کا الزام بے بنیاد ہے۔وہ ہائیکورٹ میں سرخرو ہونگے۔یوم احتجاج کے موقع پر نیشنل مشائخ کونسل کے چیئرمین خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے رحیم یار خان، پاکستان فلاح پارٹی کے سربراہ قاضی عتیق الرحمن نے اٹک، مصطفائی تحریک کے امیر میاں فاروق مصطفائی نے اسلام آباد، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر محمد عاکف طاہر نے پشاور، مرکزی جے یوپی کے صد ر صاحبزادہ حسن رضا نے فیصل آباد، مرکزی مجلس چشتیہ کے سربراہ پیر طارق ولی چشتی نے جڑانوالہ نے احتجاجی اجتماعات سے خطاب کیا اور مظاہروں کی قیادت کی۔

یوم احتجاج کے موقع پر سنی علماء بورڈ، انجمن نوجوانان اسلام، جانثاران ختم نبوت، سنی یوتھ ونگ، تنظیم المساجد پاکستان، انجمن خدام اولیاء، تنظیم اتحاد امت ، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ اور سنی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔