پاکستان کیلئے فرانس کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، نجی شعبہ فرانس کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے

فرانس کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر معین الحق کااسلام آباد چیمبر آف کامرس سے خطاب

جمعہ 10 جون 2016 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) فرانس کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ فرانس یورپی یونین کی ایک اہم معیشت ہے اور پاکستان کیلئے اس کے ساتھ کاروبار کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان کا نجی شعبہ فرانس کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فرانس کیلئے نامزد پاکستان کے کمرشل کونسلر احمد عرفان اسلم بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ معین الحق نے کہا کہ وہ فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کے اقتصادی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے تا کہ یہ شعبہ پاکستان اور فرانس کے مابین باہمی تجارت کو بہتر کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا سفارتخانہ فرانس کی مارکیٹ کی سیکٹر وائز اور پراڈیکٹ وائز سٹڈی رپورٹس تیار کر کے پاکستان کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ پاکستان کی تاجر برادری فرانس کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کے ممکنہ مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ فرانس میں ہر دوسال بعد ٹیکسٹائل، فرنیچر اور فوڈ پراڈیکٹس کی بڑی نمائشیں منعقد ہوتی ہیں اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری زیادہ سے زیادہ تعداد میں ان نمائشوں میں شرکت کرنے کی کوشش کرے تا کہ وہ فرانس کے ساتھ تجارت و برآمدات کو مزید بہتر کر سکیں۔

فرانس کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر نے کہا کہ اس سال ستمبر و اکتوبر میں فرانس میں پاکستان کی ایک سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تا کہ فرانس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فرانس چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہا ہے اور ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ فرانس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر آمادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنا ایک وفد فرانس لے جانے پر غور کرے اور ان کا سفارتخانہ وفد کے دورے کے کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فرانس اور پاکستان کے مابین 1.5ارب ڈالر کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا تجارت میں تنوع پیدا کر کے اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا سامان ، آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، ٹیکسٹائل منصوعات، کھیلوں کی وردیاں اور میوزیکل انسٹرومنٹس سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات فرانس کی مارکیٹ میں بہتر مقام حاصل کر سکتی ہیں لہذا فرانس میں پاکستان کا سفارتخانہ ان مصنوعات کی برآمدات کو بہتر کرنے میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ، تعمیرات، فارماسوٹیکلز اور انفراسٹریکچر کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے بہت سے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا فرانس میں پاکستان کا سفارتخانہ فرانس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفارتخانہ فرانس کی مارکیٹ سٹڈی رپورٹس کو باقاعدگی کے ساتھ ملک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کرے تا کہ پاکستان کی تاجر برادری فرانس کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے تمام ممکنہ مواقعوں فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کر سکے۔

متعلقہ عنوان :