آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ہوا ہے ،صارفین کی رمضان بازار میں شہبازشریف سے گفتگو

اشیاء کی کوالٹی بھی ٹھیک ہے اور قیمتیں بھی مناسب ہیں،صارفین کا رمضان بازارمیں انتظامات پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 10 جون 2016 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن سے وطن واپسی کے بعد گزشتہ روز بغیر پروٹوکول ٹاؤن شپ کے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ کے دورے سے انتظامیہ اور مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران بھی لاعلم رہے۔وزیراعلیٰ کی اچانک آمد پر رمضان بازار میں موجودصارفین اوردکانداروں کو خوشگوار حیرت ہوئی۔

وزیراعلیٰ نے جب رمضان بازار کو رات 9بجے تک کھلا رکھنے کا اعلان کیا توخریداری کیلئے آئے لوگوں اوردکانداروں نے’’ شہبازشریف زندہ باد ‘‘کے نعرے لگائے اوروزیراعلیٰ کووزیراعظم محمد نوازشریف کے کامیاب آپریشن کے بعد صحت یابی پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں خریداری کیلئے آئے بزرگوں ،خواتین ،مردوں اورنوجوانوں سے اشیاء ضروریہ ،پھلوں اورسبزیوں کی قیمتوں اور معیار کے بارے دریافت کیا جس پر خریداروں نے بتایا کہ اشیاء کی کوالٹی بھی ٹھیک ہے اور قیمتیں بھی مناسب ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بزرگ خاتون نے وزیراعلیٰ کے پوچھنے پر بتایا کہ یہاں چیزیں تو ٹھیک ہیں لیکن دالیں کلو ،کلو کے پیکٹ میں دستیاب ہیں جس پروزیراعلیٰ نے دالوں کو آدھا ،آدھا کلو کے پیکٹ میں بھی فروخت کرنے کی ہدایت کی ۔ خواتین ،بزرگوں اورجوانوں نے رمضان بازار میں اشیاء کی قیمتوں اورکوالٹی پر اطمینان کااظہار کیا اور کہا کہ آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ہوا ہے ۔ایک بزرگ نے وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دال چنا اوربیسن کی قیمت میں مزید 10روپے فی کلو کمی کی ہے اورا س پر فوری عمل بھی ہورہا اور اس پر ہم آپ کے شکرگزا ر ہیں ۔چینی کے سٹال پر خریداروں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ چینی کے نرخ بہت بہترین ہیں اورانتظام بھی بہت اچھا ہے ۔