حکمران بددعائیں لینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے،روزہ داروں کو بھی کوئی ریلیف نہیں دیا،چوہدری فیاض وڑائچ

نہتے اور بے گناہ عوام پر گولیوں کی برسات کرنے والوں سے کسی خیر کی کوئی توقع نہیں،صوبائی صدر کا افطارپارٹی سے خطاب

جمعہ 10 جون 2016 21:01

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 جون ۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی قسمت میں عوام کی بددعائیں لکھ دی گئی ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ ظالم حکمران بددعائیں لینے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ماہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کیلئے ریلیف مہیا کرنے کے تمام حکومتی دعوئے ہوا میں تحلیل ہوگئے۔

روزہ داروں کو ریلیف مہیا کرنا تو کجا،ان کے لئے مشکلات میں اضافہ کردیا گیا۔جون کی قیامت خیز گرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کو بے حال کردیا ہے مگر حکمران لندن کی علاج کے بہانے لندن کی ٹھنڈی ہوائیں کھارہے ہیں۔افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ نہتے اور بے گناہ عوام پر گولیاں برسانے والے ظالم حکمرانوں سے کسی خیر کی کوئی توقع نہیں۔

(جاری ہے)

ماہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی،حکمران حسب معمول مہنگائی کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرا لقادری جلد پاکستان آکر کروڑوں غریبوں اور مظلموں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونیوالوں کا قصاص لیں گے اور قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر زبیر اے خان،چوہدری قمرعباس دھول،راؤ عارف رضوی،مزمل مصطفوی،اللہ رکھا سیاف،شاہد ارائیں اور دیگر نے شرکت کی۔