جس سلطنت کے حکمران قاتل بن جائیں انہیں اقتدار میں رہنے کا حق نہیں ،پر امن احتجاج کی راہ میں حکومت نے روڑے اٹکائے تو نتائج کی ذمہ دار خود ہو گی،ڈاکٹر طاہر القادری کی ٹورانٹو سے لندن پہنچنے پر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

سربراہ عوامی تحریک ٹورنٹو سے لندن ائیر پورٹ پہنچنے پر پر تپاک استقبال ،14 جون کو پاکستان کیلئے روانہ ہونگے

جمعہ 10 جون 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری گزشتہ روز کینیڈا (ٹورنٹو) سے لندن پہنچ گئے۔جہاں ایئر پورٹ پر ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا ۔ائیر پورٹ پر الیکٹرانک میڈیا کے ملکی و غیر ملکی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جس سلطنت کے حکمران قاتل ہو جائیں انہیں اقتدار میں رہنے کا حق نہیں ہے۔

ہمارے پر امن احتجاج کی راہ میں حکومت نے روڑے اٹکائے تو نتائج کی ذمہ دار خود ہو گی ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر آرمی چیف کی مدد سے درج ہوئی انصاف کیلئے انہیں یادہانی کروا رہے ہیں کیونکہ قومی ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ کا بیٹرہ انہوں نے اٹھا رکھا ہے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن دہشتگردی کا بد ترین کیس ہے۔

(جاری ہے)

ائیر پورٹ پر یورپی تنظیمات کے صدور کے علاوہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی انکا استقبال کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی مہذب ملک میں ریاست کا کوئی ادارہ حکمرانوں کے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں پر بندوق نہیں اٹھا تا،مگر پاکستان کی پولیس نے شریف حکومت کے ایما پر دن دہاڑے یہ جرم کیا اور 17جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں گولیاں مار کر10کو شہید کیا جن میں 2خواتین بھی شامل ہیں مگر دو سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ملا ،مجبوراً ہمیں انصاف کیلئے سڑکوں پر آنا پڑ رہا ہے ،انہوں نے کہاکہ انصاف کیلئے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان 17جو ن کو مال روڈ پر ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ دو سال پہلے بھی کہا تھا کہ شریف حکومت کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں ملے گا اور یہ بات ہماری سچ ثابت ہو گئی ہے ۔حکمرانوں نے جعلی جے آئی ٹی بنا کر کلین چٹیں حاصل کر لیں مگر شہداء کے ورثا انصاف کیلئے دربدر ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 17جون 2014 کے دن وزیر اعلیٰ پنجاب نے جوڈیشل کمیشن بناتے وقت کہا تھا کہ اگر کمیشن نے میری طرف اشارہ بھی کیا تو عہدہ چھوڑ دونگا ، جوڈیشل کمیشن نے پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا مگر وزیر اعلیٰ پنجاب نے استعفیٰ دیکر تفتیش میں شامل ہونے کی بجائے رپورٹ ہی دبا لی ۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک اور معاشرے میں انصاف نہ رہے وہ مٹ جاتے ہیں ۔موجودہ حکمران بے گناہ شہریوں کے قاتل اور خزانے کے ڈاکو ہیں انکا مزید مسلط رہنا تباہ کن ہے ۔سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ہمارے پر امن احتجاج کی راہ میں حکومت نے روڑے اٹکائے تو نتائج کی ذمہ دار خود ہو گی ۔