اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہوائیں چلنے اور بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا

جمعہ 10 جون 2016 19:59

اسلام آباد ۔ 10 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہوائیں چلنے اور بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس کے بعد جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ جمعہ کی سہ پہر ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات پاکستان نے ویک اینڈ کے دوران کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں چندمقامات پر گرد آلود/تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔

بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ان علاقوں میں گرمی کی حالیہ شدت میں قدرے کمی کا امکان ہے۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب(راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ڈویژن)، بالائی خیبر پختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں ڈویژن)، فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن)، بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ، شہید بنیظیر آباد ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (کوئٹہ، ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن) اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرد آلود/تیز ہواوٰں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے شمالی علاقوں میں بھی اگلے دو سے تین روز کے دوران تیز ہواوٰں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہاتاہم کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ، گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر میں مظفر آباد21، راولاکوٹ20، گڑھی دوپٹہ03، کوٹلی01، پنجاب میں مری 09، چکوال06، نور پورتھل04، منڈی بہاوالدین02، خیبرپختونخوا میں کاکول20، مالم جبہ12، پٹن04، سیدوشریف اور کالام کے مقام پر02 ملی میٹر ریکاڑ کی گئی۔

جمعہ کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھکر، شہید بینظیر آباد48، تربت47، دادو، بہاولنگر، جیکب آباد اور نور پورتھل میں46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :